واشنگٹن،23جون(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکی ریاست آیڈاہو کے وکیلِ استغاثہ نے کہا ہے کہ ایک مقامی انٹرنیٹ ذریعے نے تین شامی مہاجرین کے ہاتھوں چاقو کے زور پر ایک نوجوان لڑکی کے ساتھ اجتماعی جنسی زیادتی کی جھوٹ خبر پھیلائی۔امریکی کاؤنٹی وکیل استغاثہ گرانٹ لوئبس کے مطابق یہ مقامی انٹرنیٹ پلیٹ فارم مسلم مخالف جذبات کو ابھارنے جیسی سرگرمیوں میں مصروف ہے اور اسی سلسلے میں یہ جھوٹی خبر پھیلا دی گئی کہ تین شامی مہاجر نوجوانوں نے چاقو دکھا کر ایک مقامی نوجوان لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔لوئبس کا کہنا تھا، کسی لڑکی کے ساتھ اجتماعی جنسی زیادتی نہیں ہوئی۔ کسی واقعے میں شامی ملوث نہیں تھے اور کوئی چاقو استعمال نہیں ہوا۔ ان میں سے کوئی بات سچ نہیں۔سوشل میڈیا پر بلاگز اور کمنٹس کی صورت میں سامنے آنے والی رپورٹیں وائرل ہو گئیں تھیں اور ٹوئن فالز کاؤنٹی میں ان خبروں کے تناظر میں خاصی کشیدگی دیکھی جا رہی تھی۔انہوں نے بتایا کہ اس خبر کے درپردہ غالباًدو جون کو پیش آنے والا وہ واقعہ تھا، جب سات، دس اور 14 سالہ لڑکوں پر ایک پانچ سالہ بچی پر ایک مقامی عمارت کے کپڑے دھونے والے کمرے میں حملہ کرنے کا الزام سامنے آیا تھا۔ یہ آئیڈاہو ریاست کے جنوب میں واقع ٹوئن فالز شہر میں پیش آیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کی تفتیش سے یہ بات واضح ہوئی تھی کہ ان تینوں لڑکوں میں سے ایک نے اس بچی کو جنسی حملے کا نشانہ بنایا تھا، جب کہ دیگر دو لڑکوں نے اس بچی کو چھوا تک نہیں تھا، تاہم وہ بھی اس واقعے میں شامل تھے۔وکیل استغاثہ کے مطابق ان تین میں سے دو بچوں کو عمر کم ہونے کی وجہ سے بچوں کی جیل میں بھیج دیا گیا تھا۔ تاہم مسلم مخالف گروپوں نے پولیس پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اس معاملے کو چھپانے اور اس پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔ مقامی پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے بھی اپنے ایک بیان میں بتایا تھا ان حملہ آور لڑکوں میں سے ایک کا تعلق سوڈان جب کہ دوسرے کا عراق سے ہے اور یہ دو برس سے بھی کم مدت ہوئی امریکا پہنچے ہیں۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ آیا یہ کسی مہاجر خاندان کا حصہ ہیں یا نہیں۔مسلم مخالف گروپوں کی جانب سے اس معاملے کو اچھال کر کہا جا رہا ہے کہ شامی مہاجرین کو امریکا میں نہ لایا جائے، کیوں کہ ان کا امریکی معاشرت میں انضمام ممکن نہیں ہو گا۔